پاکستان ٹیلی کام انڈسٹری میں بڑا پیش رفت: یوفون اور ٹیلی نار کا نیٹ ورک ایک ہو گیا

Calender Icon پیر 7 ستمبر 2026

اسلام آباد، پاکستان کی دو بڑی ٹیلی کام کمپنیوں یوفون اور ٹیلی نار نے اپنے نیٹ ورکس کو باضابطہ طور پر یکجا کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اہم تکنیکی انضمام کے بعد ملک بھر کے متعدد علاقوں میں دونوں کمپنیوں کے صارفین کو اب پہلے سے کہیں زیادہ وسیع کوریج، مضبوط سگنلز اور اعلیٰ معیار کی نیٹ ورک سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیٹ ورک انضمام کے اس پروجیکٹ کے تحت یوفون اور ٹیلی نار نے اپنے سیلولر ٹاورز، اسپیکٹرم اور تکنیکی انفراسٹرکچر کو باہم منسلک کر دیا ہے۔ اس مشترکہ اقدام کا بنیادی مقصد صارفین کو دورانِ سفر، گنجان آباد شہری علاقوں اور دور دراز دیہی مقامات پر بلا تعطل کنیکٹوٹی اور سگنل ڈراپ جیسے مسائل سے نجات دلانا ہے۔

کمپنی ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نیٹ ورکس کے اس مشترکہ نیٹ ورک کے باعث وائس کالز کی کوالٹی میں واضح بہتری آئے گی اور موبائل ڈیٹا کی اسپیڈ بھی پہلے کے مقابلے میں نمایاں طور پر تیز ہوگی۔ ترجمان نے مسلسل اعتماد اور ساتھ قائم رکھنے پر تمام صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی آئندہ بھی اپنے کسٹمرز کو بہترین اور جدت سے آراستہ خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ٹیلی کام ماہرین کا ماننا ہے کہ دونوں بڑے نیٹ ورکس کے انفراسٹرکچر کے ملاپ سے بالخصوص ان علاقوں کے رہائشیوں کو زبردست فائدہ پہنچے گا جہاں پہلے کسی ایک اپریٹر کے سگنلز کمزور ہوا کرتے تھے۔ اب دونوں نیٹ ورکس کی مشترکہ طاقت کے باعث سگنل کوریج کا دائرو وسیع تر ہو چکا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اس اپ گریڈیشن کے لیے صارفین کو اپنی سم کارڈ تبدیل کرنے یا کسی پیچیدہ سیٹنگز کو تبدیل کرنے کی بالکل ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ اپنے موجودہ نمبرز پر ہی ازخود اس بہتر اور مضبوط نیٹ ورک سے مستفید ہو  سکیں گے۔کمپنی نے اپنے تمام صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے یہ آگاہی بھی فراہم کی ہے۔