پشاور، سی ٹی ڈی کارروائی، کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

Calender Icon جمعہ 11 ستمبر 2026

پشاور میں شمشتو کیمپ کے قریب ارمڑ کے علاقے میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 5 اہم دہشت گرد مارے گئے۔

ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم آئی ایس کے پی کا اہم کمانڈر عمران بھی شامل ہے ۔ ہلاک دہشت گرد حساس اداروں، امام بارگاہوں اور چرچز پر بڑی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

کارروائی کے دوران مارے گئے 5 دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، 4 پستول، 2 ہینڈ گرینیڈ، ایک خود ساختہ آئی ای ڈی، 5 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ کالعدم تنظیم آئی ایس کے پی کا اہم کمانڈر عمران عرف ابو بکر دہشت گردی، بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے 20 مقدمات میں مطلوب اشتہاری تھا۔ عمران مولانا خانزیب، سینیٹر ہدایت اللہ اور ریحانزیب کی شہادت سمیت 6 فروری 2026 کے ترلئی امام بارگاہ خودکش حملے میں بھی مطلوب تھا۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ عمران عرف ابو بکر نے ترلئی حملے کے لیے خودکش جیکٹ باجوڑ سے منگوائی اور خودکش بمبار کو نوشہرہ سے ترلئی پہنچایا تھا۔

مزید پڑھیں:خلیج کشیدگی: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 107 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی

سی ٹی ڈی کے مطابق عمران کی گرفتاری یا سراغ کی اطلاع پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔ علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔