سعودی قوانین کیخلاف ورزی، 12 ہزار سے زائدغیر قانونی تارکین وطن ملک بدر

Calender Icon اتوار 13 ستمبر 2026

سعودی عرب میں اقامہ، لیبر اور بارڈر سکیورٹی کی مزید 14 ہزار 796 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں اس دوران 12 ہزار 57 غیر قانونی تارکین کو ان کے ملک واپس بھیج دیا گیا۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے (3 سے 9 ستمبر2026) کے درمیان مجموعی طور پر 7 ہزار504 اقامہ قانون، 3 ہزار 783 بارڈر سکیورٹی اور 3 ہزار 509 لیبر قوانین کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

غیرقانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش پر ایک ہزار 273 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں 55 فیصد ایتھوپین، 44 فیصد یمنی اور ایک فیصد دیگر ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

اس کے علاوہ مزید 25 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا جو سرحد پار کر کے مملکت سے ہمسایہ ممالک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 21 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ۔

سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ جو بھی شخص غیر قانونی تارکین کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کرے گا اسے 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانے کے ساتھ گاڑی اور جائیداد کی ضبطگی کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مکہ مکرمہ اور ریاض میں ٹول فری نمبر 911 جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 یا 996 پر مشتبہ خلاف ورزیوں کی اطلاع دی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کی پری بکنگ، ابتدائی قیمت 1199 ڈالر مقرر

واضح رہے کہ سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانوناً جرم ہے ۔