سندھ، پنجاب میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

Calender Icon اتوار 13 ستمبر 2026

کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی بحیرہ عرب اور ملحقہ علاقوں پر ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں آج مطلع جزوی ابرآلود، موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہ سکتا ہے۔ شہر میں شمال مغرب سے تقریباً 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 13 سے 16 ستمبر کے دوران تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد، ٹنڈو الہٰیار، مٹیاری، شہید بینظیرآباد اور جامشورو میں بارش متوقع ہے۔ جبکہ بعض علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔

ممکنہ بارشوں کے پیش نظر سندھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ایڈوائزری جاری کر دی۔ مشیر وزیراعلیٰ سندھ گیان چند ایسرانی نے پی ڈی ایم اے اور سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور کے مال روڈ، لبرٹی چوک اور ایم ایم عالم روڈ کے اطراف ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم بارش کے باوجود حبس کی شدت مکمل طور پر کم نہ ہوسکی۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آج سے 17 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ لاہور، قصور، شیخوپورہ، نارووال، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

مزید پڑھیں:نیپال سیلاب ، 10 دن سرنگ میں پھنسے شخص نے موت کو کیسے شکست دی؟

خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔