سلمان علی آغا کی ڈومیسٹک کرکٹ میں دھواں دھار واپسی، ٹرپل سنچری بنا ڈالی

Calender Icon اتوار 13 ستمبر 2026

انگلینڈ کے دورے سے ڈراپ کیے جانے والے قومی کرکٹر سلمان علی آغا نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے میچ میں ٹرپل سنچری بنا ڈالی۔

سلمان علی آغا نے ایم آئی ٹی سلوشن کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 336 گیندوں پر ناقابل شکست 300 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 42 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔

سلمان علی آغا کی شاندار ٹرپل سنچری کی بدولت کنگزمین اکیڈمی نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 565 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی، کنگزمین اکیڈمی اور ایم آئی ٹی سلوشن کے درمیان پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کا میچ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔

سلمان علی آغا کو انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوران پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی قیادت کی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی تاہم ہیڈنگلے ٹیسٹ میں ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی، جہاں انہوں نے پہلی اننگز میں 21 رنز بنائے، اس کے بعد انہیں لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون سے ڈراپ کردیا گیا۔

لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سات کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ سے واپس بھیج دیا، جن میں سلمان علی آغا بھی شامل تھے۔ اس وقت پاکستان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں دو ٹیسٹ میچ ہار کر سیریز سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔

بعد ازاں انگلینڈ نے ایجبسٹن میں تیسرا ٹیسٹ بھی 8 وکٹوں سے جیت کر سیریز میں پاکستان کو تین صفر سے وائٹ واش کردیا، پاکستان کی جانب سے تیسرے ٹیسٹ میں نوجوان رضا اللہ نے 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر نمایاں کارکردگی دکھائی تاہم انگلینڈ نے 130 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں سلمان علی آغا صرف پہلے ٹیسٹ میں ایکشن میں نظر آئے اور دو اننگز میں مجموعی طور پر 25 رنز بنا سکے، جس میں ان کا بہترین اسکور 21 رنز رہا۔

مزید پڑھیں:سندھ، پنجاب میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

انگلینڈ کے دورے سے واپسی کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹرپل سنچری سلمان علی آغا کے فارم میں واپسی کا پیغام ہے، جہاں انہوں نے نہ صرف 300 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی بلکہ اپنی اننگز میں 48 مرتبہ گیند کو باؤنڈری کی راہ بھی دکھائی۔