سونا مزید مہنگا، فی تولہ قیمت میں 7 ہزار 900 روپے کا اضافہ

Calender Icon بدھ 16 ستمبر 2026

پاکستان میں دو روز کی کمی کے بعد سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ہوگیا، فی تولہ سونا ہزاروں روپے مہنگا ہوگیا ہے۔

آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں7 ہزار 900 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 57 ہزار 236 روپے فی تولہ ہوگئی ہے۔

گزشتہ دو روز کے دوران سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 7 ہزار 800 روپے فی تولہ کمی ہوئی تھی، تاہم آج سونے کے نرخ ایک بار پھر بڑھ گئے ہیں۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 6 ہزار 773 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونا3 لاکھ 92 ہزار 6 روپےکا ہوگیا۔

دوسری جانب ملک میں چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔فی تولہ چاندی 140 روپے مہنگی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 6 ہزار 942 روپے ہوگئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونا مہنگا

عالمی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔عالمی مارکیٹ میںفی اونس سونا 79 ڈالر مہنگا ہوکر4 ہزار 347 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کا اثر پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی پڑا، جس کے نتیجے میں دو روز کی کمی کے بعد ملک میں سونے کے نرخ میں ایک مرتبہ پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان میں سونے کی قیمت کیسے طے ہوتی ہے؟

پاکستان میں سونے کی مقامی قیمت بنیادی طور پر عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر سے متاثر ہوتی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہونے کی صورت میں، دیگر عوامل یکساں رہیں تو پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھنے کا رجحان پیدا ہوتا ہے۔

مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت طے کرتے وقت عالمی نرخ کے علاوہ روپے اور ڈالر کی شرحِ تبادلہ، مقامی طلب و رسد اور مارکیٹ کے حالات بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اسی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں معمولی تبدیلی بھی پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے۔

حالیہ عرصے میں پاکستان میں سونے کی قیمتیں بلند سطح پر رہی ہیں اور عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ مقامی نرخ بھی مسلسل تبدیل ہوتے رہے ہیں۔

سرمایہ کاروں کی جانب سے معاشی اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے دوران سونے کو نسبتاً محفوظ اثاثہ سمجھا جانا بھی ان عوامل میں شامل ہے جو عالمی سطح پر سونے کی طلب اور قیمت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔