حکومت نے ملک بھر میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی منصفانہ تقسیم اور شفاف نیلامی کے لیے نیا مربوط نظام متعارف کراتے ہوئے اہم انتظامی فیصلے کر لیے ہیں۔
اسلام آباد: حکومت نے ملک میں ایل پی جی (LPG) کی فراہمی کو شفاف بنانے اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے ایک نیا نیلامی کا نظام متعارف کروا دیا ہے۔ اس نئے طریقہ کار کے تحت مقامی سطح پر تیار ہونے والی ایل پی جی کی مجموعی پیداوار کا 10 فیصد حصہ سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کو جبکہ 90 فیصد کوٹہ نجی کمپنیوں کو نیلامی کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ایل پی جی کی شفاف نیلامی کے امور کا جائزہ لینے اور طریقہ کار وضع کرنے کے لیے تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کا پہلا اہم اجلاس سیکرٹری پیٹرولیم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران طے پانے والے ضوابط کے تحت مقامی ایل پی جی پیداواری ادارے اپنی کل پیداوار کا 10 فیصد حصہ سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کی ضروریات کے لیے الگ رکھیں گے، جبکہ باقی ماندہ 90 فیصد کوٹہ میڈیا کی مکمل موجودگی میں شفاف نیلامی کے عمل کے ذریعے نجی کمپنیوں کو فروخت کیا جائے گا۔
کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ منڈی میں اجارہ داری کو روکنے اور تمام شراکت داروں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے نیلامی کے دوران کسی بھی سنگل کمپنی کو یومیہ بنیادوں پر زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔
مزید برآں، اجلاس میں ملک میں ایل پی جی کی روزمرہ پیداوار اور سپلائی چین کی کڑی نگرانی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ طے شدہ طریقہ کار کے تحت یومیہ بنیادوں پر ایل پی جی کی پیداوار، نیلامی اور تقسیم سے متعلق تمام تر مستند اعداد و شمار اور رپورٹس باقاعدگی سے وزیراعظم پاکستان کو پیش کی جائیں گی۔













ہفتہ 7 نومبر 2026 