کوہاٹ: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سی ایم ایچ کوہاٹ کا دورہ کیا اور دہشت گردی کے واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد سے فرداً فرداً ملاقات کرکے ان کی عیادت کی۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
زخمیوں نے عطاء اللہ تارڑ کو دہشت گردی کے واقعہ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور عیادت کے لیے آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب، ایمان اور عقیدہ نہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بزدل لوگ ہیں، زخمیوں نے جس بہادری سے ان کا مقابلہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔ وفاقی وزیر نے حکومت کی جانب سے زخمیوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔













پیر 21 ستمبر 2026 

