پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت غلط پالیسی کا حصہ نہیں بنے گی طاقتوروں کو ایبسولیوٹیلی ناٹ کہہ دیا، ہم پر جو دہشت گردی مسلط کی گئی یہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلط کی گئی۔
کرک سے روانگی کے موقع پر جیل چوک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کرک کے غیور عوام کا پورے ساؤتھ ریجن کے استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ کے علم میں ہونا چاہیے ہم پر جو دہشت گردی مسلط کی گئی یہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کی گئی۔
ایک دفعہ پھر پختونوں کا خون بہہ رہا ہے، ہم بے گھر اور کاروبار تباہ ہو رہے ہیں، ملٹری آپریشنز اور ڈرون اٹیکس ہو رہے ہیں، ہمارے بے گناہ عوام ، پولیس اور فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا کارندہ ٹی وی پر بیٹھ کر کہتا ہے کہ سہیل آفریدی ناسمجھ ہے، اگر اپنے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ناسمجھی ہے تو میں یہ ناسمجھی بار بار کروں گا، آپ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تقسیم ہو رہا ہے، جس حکومت کا آپ حصہ ہیں وہ 5300 ارب روپے کی کرپشن کرچکی ہے، اگر آپ کے لیے یہ سمجھ داری ہے تو میں ایسی سمجھ داری پر لعنت بھیجتا ہوں، اگر ملک سے محبت ناسمجھی ہے تو میں یہ ناسمجھی بار بار کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنہیں مسلط کیا گیا ہے وہ پاکستان کو تقسیم اور ملک میں تعصب پیدا کرنا چاہتے ہیں، حالات ان کے قابو سے باہر نکل گئے ہیں، جنہیں دوبارہ آباد کیا گیا وہ بھی ان کے قابو سے باہر ہو گئے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت کو غلط پالیسی کا حصہ بننے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔
میں عمران خان کا کھلاڑی ہوں، میں نے طاقتوروں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا ہے، ملک پر مسلط ایک مائنڈ سیٹ خیبرپختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے، یہ ایک غلط پالیسی پر دوسری غلط پالیسی مسلط کرنا چاہتے ہیں اور آپ کو الگ کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بند کمروں کے فیصلہ سازوں نے ملک پر ایسی پارٹی مسلط کی ہے جس کی وزیراعلیٰ کہتی ہے کہ مجھے انڈیا سے کوئی خطرہ نہیں مگر باقی تین صوبوں سے خطرہ ہے، جب تک ہم اور ہماری نسلیں زندہ ہیں، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ چور اور ڈاکو ملک کے ساتھ مخلص نہیں ہو سکتے، پورے پاکستان کا ایک ہی لیڈر ہے جس کا نام عمران احمد خان نیازی ہے، عمران خان ہمارے دلوں کی دھڑکن ہے، 90 فیصد لوگ عمران خان کو چاہتے ہیں،عمران خان ہی ملک کو دلدل سے نکال سکتے اور اداروں کی عزت و وقار بحال کرا سکتے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ جو فوجی جوان شہید ہوتے ہیں اور ملک کے لیے قربانی دیتے ہیں، وہ ہمارے وجود کا حصہ ہیں جبکہ پورے ملک میں اس موجودہ سسٹم کے خلاف نفرت دیکھ رہا ہوں، خیبر سے کراچی تک ہر شخص اسلام آباد جانا چاہتا ہے، ہمارے جمہوری مطالبات آپ کو ماننا پڑیں گے، پاکستان میں وہی پالیسی بنے گی جو عوام کے حق میں ہوگی، ہم ہر اس پالیسی کے باغی ہیں جو عوام کے مفاد میں نہ ہو۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان دلیری سے جیل کاٹ رہے ہیں، اگر انہیں اقتدار کی لالچ ہوتی تو ایک دستخط کرکے باہر آجاتے، مگر وہ نہیں جھکے، ہم نے حقیقی آزادی کی جنگ عمران خان کے سنگ لڑنی ہے۔
انہوں ںے کہا کہ عمران خان اور ان کا پورا خاندان ہمارے اور ہمارے بچوں کے مستقبل کے لیے قربانی دے رہا ہے، 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتیں چٹ کا انتظار کرتی ہیں، عمران خان آپ کا انتظار کر رہے ہیں، آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ غلامی قبول کرنی ہے یا حقیقی آزادی چاہتے ہیں، آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ طاقتور کے سامنے سر جھکانا ہے یا آزادی کی جنگ لڑنی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا کوہاٹ کی تحصیل لاچی پہنچنے پر لانگ مارچ شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر کوہاٹ کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کوہاٹ کے لوگ کل کوہاٹ کا موسم مکمل تبدیل کر دیں گے، کل 3 بجے یونیورسٹی چوک سے پشاور کی جانب سفر شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کا سپاہی ہوں، پوری دنیا مل کر بھی میری قیمت نہیں لگا سکتی، اسی طرح پوری دنیا کی طاقت اکٹھی ہوکر بھی مجھے ڈرا نہیں سکتی، ہم نے خود کو تھکانا نہیں ہماری جد و جہد طویل ہے، 8 اکتوبر سے ٹی ٹوینٹی میچ شروع ہوگا،
مزید پڑھیں:پنجاب حکومت کے ’اپنی چھت اپنا گھر منصوبے‘ نے عالمی ایوارڈ جیت لیا
جس طرح کوہاٹ نکلے گا، کوہاٹ نے کسی کو موقع نہیں دینا کہ آپ سے کوئی ضلع آگے نکل جائے، پیغام پہنچانا ہے کہ خیبرپختونخوا عمران خان کا ہے، عمران خان کا تھا اور عمران خان کا ہی رہے گا۔













پیر 5 اکتوبر 2026 

