اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی(Mohsin Naqvi) کی پولینڈ کے وزیر ٹوماش شیمونیاک سے ملاقات میں یورپ میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے پولینڈ کے وزیر اور ہیڈ آف کونسل آف منسٹرز ٹوماش شیمونیاک نے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون، اور باہمی روابط کو نئی جہت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ، انسدادِ دہشت گردی اور غیر قانونی مائیگریشن کی روک تھام کے لیے یکساں حکمت عملی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔معاہدوں کی حتمی شکل:
دونوں رہنماؤں نے باہمی قانونی معاونت سمیت مختلف معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے پر رضامندی ظاہر کی گئی۔
دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کی وزارت داخلہ کا ایک وفد جلد پولینڈ کا دورہ کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے باعث پاکستان سے یورپ جانے والی غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی آئی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے یورپ میں پاکستانیوں کے لیے روزگار اور قانونی مائیگریشن کے مواقع بڑھانے پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں:ایمان فاطمہ نے رجب بٹ کے خلاف قانونی قدم اٹھا لیا
پولش وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ قانونی طریقہ کار کے تحت پولینڈ آنے والے پاکستانی شہریوں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
ملاقات میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان آفیشل پاسپورٹ کے حامل افراد کے لیے ویزا فری سہولت فراہم کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کے سلسلے میں پولینڈ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا، اس کے علاوہ تجارتی، سیاسی اور عوامی روابط کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
پولینڈ کے وزیر ٹوماش شیمونیاک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی اور سیکیورٹی و معاشی شعبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔













بدھ 7 اکتوبر 2026 

