اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام(Amir Muqam) نے 8 اکتوبر 2005ء کو پاکستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور پوری قوم کے حوصلے، اتحاد اور ایثار کو سراہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005ء کو پاکستان میں آنے والے تباہ کن زلزلہ ہماری تاریخ کا ایک المناک دن تھا جس نے ہزاروں قیمتی جانیں ہم سے چھین لیں اور لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا، لیکن اس سانحے کے بعد پوری قوم نے جس یکجہتی، صبر اور استقامت کا مظاہرہ کیا، وہ ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔
انہوں نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے کے بعد انہوں نے ذاتی طور پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، ریلیف کیمپوں میں خدمات انجام دیں اور قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں کو منظم کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے خود مظفرآباد، بالاکوٹ اور باغ کے علاقوں میں کئی دن گزارے، زخمیوں کی عیادت کی، بے سہارا خاندانوں کی داد رسی کی اور کوشش کی کہ ہر متاثرہ شخص تک امداد پہنچے۔
مزید پڑھیں:عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں معمولی اضافہ
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت ملک بھر سے رضاکاروں، افواج پاکستان، سول سوسائٹی اور عالمی اداروں نے جس جذبے سے کام کیا وہ ایک مثال بن گیا۔انہوں نے اس موقع پر خاص طور پر شہداء کو یاد کیا اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نہ صرف ماضی کو یاد رکھنا ہے بلکہ آئندہ کے لیے بھی خود کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے قابل بنانا ہے۔
وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مشکلات خواہ جتنی بھی بڑی ہوں، اگر ہم متحد رہیں تو ان پر قابو پایا جا سکتا ہے۔













جمعرات 8 اکتوبر 2026 

