حافظ نعیم الرحمان کا مفت تعلیم کے حق میں تحریک شروع کرنے کا اعلان

Calender Icon جمعہ 9 اکتوبر 2026

پشاور:امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مفت تعلیم کے حق میں تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں اور پٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔

حکومت بھاری ٹیکسز وصول کرنے کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول لیوی کے خلاف تحریک شروع کرنے کے بعد اب تعلیم کے حق کے لیے بھی تحریک شروع کی جائے گی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ غزہ میں 89 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں اور غزہ کے لیے 10 ارب روپے سے زائد کے فنڈز پہنچائے جاچکے ہیں۔ جماعت اسلامی غزہ کے طلبہ کو میڈیکل سمیت دیگر شعبوں میں تعلیم فراہم کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بنو قابل پروگرام وقت کی ضرورت کے مطابق شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم اور تربیت فراہم کرنا ہے۔

ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کی تربیت کے لیے مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں، جبکہ 17 لاکھ سے زائد بچے 100 فیصد اسکالرشپ پر تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر جماعت اسلامی اتنے بڑے پیمانے پر تعلیمی و تربیتی پروگرام چلا سکتی ہے تو حکومت ایسا کیوں نہیں کرسکتی؟ ملک میں بھاری ٹیکسز وصول کیے جا رہے ہیں، اس کے باوجود پاکستانی بچوں کو مفت تعلیم کی سہولت میسر نہیں، پاکستان میں تعلیم کے شعبے کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے، حالانکہ معیاری اور مفت تعلیم ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نے تعلیمی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 50 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، پنجاب میں یہ تعداد ایک کروڑ 18 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ سندھ میں 70 لاکھ سے زائد بچے سکول نہیں جا رہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کی باتیں سن کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پورا پاکستان فتح کرلیا گیا ہو، حالانکہ تعلیم سمیت بنیادی مسائل اب بھی موجود ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ عوام بجلی کے بلوں اور پٹرول کی قیمتوں سے پریشان ہیں۔ ان کے مطابق پٹرول کے ہر لیٹر پر 135 روپے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے،حکومت کی پٹرول لیوی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’’پٹرول بھتہ‘‘ قرار دیا۔

مزید پڑھیں:پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 10 سے 14 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی

حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی نے پٹرول لیوی کے خلاف تحریک شروع کر رکھی ہے اور اب عوام کے لیے معیاری اور مفت تعلیم کے حصول کی خاطر بھی تحریک شروع کی جائے گی، تاکہ ملک کے بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جاسکیں۔