پشاور اسکول سانحہ: گورنر کے پی کا شہید بچوں کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان

Calender Icon جمعرات 15 اکتوبر 2026

پشاور: خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں واقع اسکول کے المناک سانحے میں شہید ہونے والے بچوں کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے چار دنوں کے اندر تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دیر کالونی کے اسکول کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شہید بچوں کے لواحقین کے لیے 10، 10 لاکھ روپے اور زخمی بچوں کے لیے 2، 2 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ متعلقہ حکام کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ اسکول کی خستہ حال عمارت کو گزشتہ دورِ حکومت میں این او سی جاری کرنے والے تمام ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور جس کی بھی غفلت ثابت ہوئی، اسے سخت ترین سزا دی جائے گی۔

گورنر کے پی نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے اسکولوں کا بروقت سیکیورٹی اور سٹرکچرل آڈٹ نہیں ہو سکا، تاہم موجودہ انتظامیہ محض رسمی انکوائری کمیٹیوں کی تشکیل یا فوٹو سیشن تک محدود نہیں رہے گی بلکہ واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکول مالک سے لے کر متعلقہ سرکاری محکموں کی غفلت کو جانچا جا رہا ہے اور آئندہ چار روز کے اندر تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر کے تمام ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔