فرانس کے شمال مشرقی علاقے میں تربیتی پرواز کے دوران میراج 2000 ڈی جنگی طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں عملے کا ایک رکن ہلاک ہو گیا، جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔
2 نشستوں والا میراج 2000 ڈی جنگی طیارہ 1993ء میں فرانسیسی فضائیہ میں شامل کیا گیا تھا، فرانس نے اسے 1999ء میں کوسوو، 2011ء میں لیبیا، افغانستان، عراق، شام اور افریقا کے ساحلی خطے میں فوجی کارروائیوں کے دوران استعمال کیا۔
فرانس نے حال ہی میں اپنے میراج 2000 ڈی طیاروں کو جدید بنانے کا پروگرام مکمل کیا ہے اور ان طیاروں کو 2030ء تک استعمال میں رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فرانسیسی فضائیہ نے بتایا کہ طیارہ منگل کی رات کے 9 بجے نینسی کے مضافات میں واقع ایئربیس کے قریب گرا۔
فضائیہ کے ترجمان کرنل ڈیوڈ پاپالارڈو نے بتایا کہ بظاہر عملے کا ایک رکن طیارے سے پیرا شوٹ کے ذریعے باہر نکلنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ طیارے کا ملبہ ڈرون کے ذریعے تلاش کر لیا گیا ہے اور امدادی اہلکار جائے حادثہ پر موجود ہیں۔
فرانس کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ میراج 2000 ڈی طیارہ میورتھ ای موزیل کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا، جس میں دو افراد سوار تھے۔
علاوہ ازیں ایئر بیس 133 نینسی اوشے کے کمانڈر کرنل لُوڈووِک ہمبرٹ نے بتایا کہ طیارے میں سوار فائٹر پائلٹ اور ہتھیاروں کے نظام کے نیویگیٹر تربیتی مشن پر تھے۔
واضح رہے جنوری 2019 میں بھی فرانس کا میراج 2000 ڈی لڑاکا طیارہ جورا کے پہاڑی علاقے میں کم بلندی پر تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں پائلٹ اور نیویگیٹر دونوں ہلاک ہوئے تھے۔ یہ طیارہ بھی نینسی اوشے ایئربیس سے تعلق رکھتا تھا۔
مزید پڑھیں:ریکارڈ کمی، سونا مزید سستا، فی تولہ4 لاکھ 34 ہزار 536 روپے کا ہوگیا
اس کے علاوہ 2024 میں فرانس کے شمال مشرقی قصبے تومبلین میں پیراشوٹنگ کے لیے استعمال ہونے والا چھوٹا طیارہ اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد حادثے کا شکار ہوا تھا ، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔













بدھ 21 اکتوبر 2026 

