ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی فروخت شروع، صارفین کی دلچسپی عروج پر

Calender Icon جمعہ 23 اکتوبر 2026

ایپل کے پہلے فولڈ ایبل فون آئی فون ڈیو (Iphone DUO)کی فروخت جمعے سے شروع ہوگئی، جس کے بعد مارکیٹ ماہرین کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا یہ فون فولڈ ایبل اسمارٹ فونز کی محدود مارکیٹ کو وسعت دے سکے گا۔

نئے چیف ایگزیکٹو جان ٹرنَس کے لیے بھی اس فون کی پذیرائی ایک اہم امتحان ہے، جنہوں نے ستمبر میں عہدہ سنبھالنے کے ایک ہفتے بعد اس کی رونمائی کی تھی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، گزشتہ جمعے پری آرڈرز شروع ہونے کے چند منٹوں میں ہی زیادہ طلب کے باعث فون کی متوقع ترسیل جنوری کے آخری ہفتے تک پہنچ گئی تھی۔ ایپل نے صارفین کے ردعمل کو غیرمعمولی قرار دیا۔

سڈنی میں فروخت کے پہلے روز ایپل اسٹور کے باہر صبح آٹھ بجے سے قبل ہی خریداروں کی قطاریں لگ گئیں۔ فون کی قیمت 3,899 آسٹریلوی ڈالر تھی۔

مزیدپڑھیں:جاپان میں امریکی ایئر بیس پر بی وائی ڈی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ

ابتدائی جائزوں میں فون کے ڈیزائن اور مضبوط، تقریباً غیرنمایاں قبضے کو سراہا گیا، تاہم کیمرے میں ٹیلی فوٹو لینس کی عدم موجودگی اور بعض ایپس کی نئے ڈسپلے سے مطابقت نہ ہونے پر تنقید بھی ہوئی۔

مارکیٹ ریسرچ ادارے آئی ڈی سی کے مطابق، ایپل 2026 میں فولڈ ایبل فونز کی مجموعی مالیت کا 44 فیصد اور یونٹس کی فروخت کا 31 فیصد حصہ حاصل کرسکتا ہے۔ ادارے نے پیش گوئی کی کہ 2027 تک ایپل اس شعبے میں فروخت اور مالیت، دونوں لحاظ سے سرفہرست ہوگا۔

ماہرین کے مطابق، فون کی کامیابی کا انحصار طلب پوری کرنے، صارفین کو راغب کرنے اور مارکیٹ میں مستقل جگہ بنانے پر ہوگا۔