پاکستانی سابقہ اداکارہ کومل عزیز خان(Komal Aziz Khan) نے شوبز انڈسٹری سے مستقل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
کومل عزیز خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کی ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں نے اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ تقریباً 5 سال پہلے ہی کرلیا تھا، تاہم اس کا باضابطہ اعلان کرنے میں تاخیر کی۔
View this post on Instagram
اداکارہ نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا باضابطہ اعلان کرنے میں تاخیر کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا کہ میں غیر ضروری میڈیا توجہ سے بچنا چاہتی تھی اور پہلے یہ بھی دیکھنا چاہتی تھی کہ میں شوبز سے باہر اپنی الگ شناخت اور کامیاب کاروبار کی بنیاد رکھ سکتی ہوں یا نہیں۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ گزشتہ 5 سالوں کے دوران میں نے شہرت اور میڈیا کی توجہ سے دور رہ کر اپنی ذات پر توجہ دی اور زندگی کے لیے ایک نئی سمت کا انتخاب کیا۔
کومل عزیز نے لکھا کہ اب میں اپنے کاروبار کو آگے بڑھانے اور مالی طور پر خود مختار رہنے پر توجہ دے رہی ہوں۔
مزیدپڑھیں:گوجرانوالہ: ولیمے کی تقریب سے واپسی پر دلہن کو قتل کر دیا گیا، معاملہ سی سی ڈی کے سپرد
اُنہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ میں اب اپنے مداحوں کو اسکرین پر اپنی طویل غیر موجودگی کی وجہ بتانا چاہتی ہوں تاکہ ان کے ذہنوں میں کوئی سوال باقی نہ رہے۔
اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ میں شوبز سے دور ہونے کے باوجود بھی اپنے مداحوں کی محبت اور حمایت کو ہمیشہ یاد رکھوں گی۔
واضح رہے کہ اداکارہ کومل عزیز خان آخری مرتبہ 2021ء میں نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل’مہلت‘ میں نظر آئی تھیں۔ اس کے بعد سے وہ اداکاری سے دور اور کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔













اتوار 25 اکتوبر 2026 

