سہ ملکی سیریز: انگلش بالر ڈھیر، شاہینوں نے میدان مارلیا

Calender Icon اتوار 25 اکتوبر 2026

پاکستان نے ون ڈے ٹرائی سیریز کے چوتھے میچ میں شاداب خان کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے 242 رنز کا ہدف 47.1 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

لاہور میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.4 اوورز میں 241 رنز بنائے تھے۔ جواب میں پاکستان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار رہی، تاہم شاداب خان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔

شاداب خان نے 96 گیندوں پر ناقابل شکست 113 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ حارث رؤف 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور دونوں نے آخری وکٹ کے لیے ٹیم کو کامیابی دلائی۔

پاکستان کی جانب سے سعد بیگ نے 22 گیندوں پر 32 رنز بنائے، جبکہ سلمان آغا نے 26 اور حسن نواز نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔ فخر زمان 10، صائم ایوب 6 اور بابر اعظم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمی اوورٹن نے 3 وکٹیں حاصل کیں، گس ایٹکنسن اور لیام ڈاسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 241 رنز بنائے تھے۔ بین ڈکٹ نے 111 گیندوں پر 105 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ سیم کرن نے 42 اور گس ایٹکنسن نے ناقابل شکست 36 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، آرافات منہاس اور رضا اللہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

شاداب خان کی ناقابل شکست سنچری نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں فتح دلائی۔بریسٹ کینسرآگاہی مہم کے تحت پاکستانی کھلاڑیوں نے آج گلابی کٹ پہن رکھی ہے۔

مزید پڑھیں:قلعہ سیف اللہ میں آپریشن’’25 لاکھ ہیڈمنی‘‘ والا دہشتگرد کمانڈر ہلاک، ریڈیو پاکستان

یاد رہے سہ ملکی سیریز کے پہلے 3 میچزراولپنڈی میں کھیلے گئے تھے جہاں پاکستان نے اپنے 2 میچز میں کامیابی حاصل کی، سری لنکا ایک میچ میں فاتح رہا دوسرے میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انگلینڈ اپنے پہلے دونوں میچز ہارا۔