راول ایکسپریس کو حادثہ، 4 بوگیاں الٹ گئیں، ٹریک کو شدید نقصان

Calender Icon بدھ 28 اکتوبر 2026

راولپنڈی سے لاہور جانے والی ٹرین کی 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے کے باعث ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا۔

تازہ حادثہ سرائے عالمگیر کے قریب گزشتہ شب 12 بجے کے قریب پیش آیا جہاں ٹرین کی 4 بوگیاں الٹ گئیں،ٹرین میں مسافر سوار نہیں تھے، بوگیاں مغلپورہ ورکشاپ جارہی تھیں،12 گھنٹے گزرنے کے باوجود ٹریک تاحال مکمل بحال نہ ہو سکا۔

ریلوے کراسنگ ٹریک جزوی بحال ہے جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت سست روی کا شکار ہے، ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مین ریلوے ٹریک کی بحالی میں مزید 4 سے 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

ملک میں رواں سال 13 اکتوبر تک مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے 55 سے زائد حادثات رپورٹ ہوچکے ہیں۔27 اگست کی رات راول ایکسپریس کا انجن کالا گجراں کے مقام پر اوور شوٹ کر گیا،اسی روز خان پور اور لیاقت پور کے درمیان مال بردار ٹرین ڈی ریل ہوئی۔

29 اگست کو لاہور جنکشن پر فش پلیٹ ٹوٹنے سے ریل کار سبک رفتار حادثے کا شکار ہوئی ،13 اکتوبر کو رحمان بابا ایکسپریس کی 14 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں،حادثے میں 30 افراد زخمی جبکہ 4 جاں بحق ہوئے۔

کراچی ڈویژن میں ٹرین آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے تاہم کچھ اندرون ملک سے آنے والی ٹرینیں تاخیرکا شکارہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق پاکستان ایکسپریس دوپہر 2 کے بجائے ڈھائی گھنٹہ تاخیر سے4:30 بجے روانہ ہوگی،پاک بزنس ایکسپریس سہ پہر4 بجے کے بجائے پونے 3 گھنٹے تاخیر سے 6:45 بجے روانہ ہوگی۔

ملت ایکسپریس شام 4:45 کے بجائے ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے شام 6:15 بجے،تیزگام مقررہ وقت شام 5:30 بجے کے بجائے سوا 2 گھنٹے تاخیر سے رات 7:45 بجے روانہ ہوگی۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں پہلی بار اینٹی ڈرون سسٹم ’پشاور سیف سٹی‘ سے منسلک

قراقرم ایکسپریس اپنے مقررہ وقت دوپہر 3 بجے،علامہ اقبال ایکسپریس مقررہ وقت سہ پہر 3:30 بجے جبکہ کراچی ایکسپریس بھی اپنے مقررہ وقت شام 6 بجے روانہ ہوگی۔