اسرائیل میں نیتن یاہو کی حکومت ختم کرنے کے مطالبات زور پکڑنے لگے

Calender Icon اتوار 1 نومبر 2026

اسرائیل(Israel) میں سیکڑوں افراد نے اپوزیشن جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عرب سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرکے وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت ختم کریں۔
احتجاج ایسے وقت میں ہوا ہے جب حالیہ انتخابات میں عرب اکثریتی جماعتوں نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، تاہم اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ نے تاحال ان جماعتوں کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ نہیں کیا۔

اسرائیل کی 120 رکنی پارلیمنٹ کے انتخابات میں نیتن یاہو مخالف یہودی جماعتوں نے 48 نشستیں حاصل کیں جبکہ دو عرب جماعتوں، راعم اور جوائنٹ لسٹ نے مجموعی طور پر 19 نشستیں جیتیں۔

مزیدپڑھیں:اسرائیلی پارلیمنٹ میں سابق یہودی پولیس افسر اسلامی جماعت راعم کا رکن منتخب

دونوں گروپ متحد ہو جائیں تو انہیں 67 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہو سکتی ہے، اپوزیشن میں شامل بعض جماعتیں عرب جماعتوں کے ساتھ اتحاد کی مخالفت کر رہی ہیں۔

گادی آئزن کوٹ کا کہنا ہے کہ وہ ایسی حکومت بنانا چاہتے ہیں جو اسرائیل کو یہودی، جمہوری اور لبرل ریاست تسلیم کرے اور حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دے۔

بائیں بازو کی جماعت ڈیموکریٹس کے رہنما یائر گولان نے عرب جماعتوں کی حمایت سے حکومت بنانے کی تجویز کی تائید کی ہے، نیتن یاہو نے عرب جماعتوں کے ساتھ کسی بھی قسم کے سیاسی تعاون کو اسرائیل کیلئے تباہ کن قرار دیا ہے۔