علاقائی جنگ اور عالمی سطح پر کرپٹو مارکیٹ میں مندی کے باوجود متحدہ عرب امارات(AUE) کی کرپٹو معیشت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد یو اے ای 2027ء میں ترکیہ کو پیچھے چھوڑ کر مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (مینا) کا سب سے بڑا کرپٹو مرکز بن سکتا ہے۔
بلاک چین تجزیاتی ادارے چین اینالیسس کی نئی رپورٹ کے مطابق جون 2026ء تک ایک سال کے دوران متحدہ عرب امارات کی کرپٹو معیشت 32 فیصد اضافے کے ساتھ 104.8 ارب ڈالر (384.6 ارب درہم) تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق یو اے ای کی کرپٹو مارکیٹ اس وقت ترکیہ کی مارکیٹ کے حجم کا تقریباً 73 فیصد ہے، جولائی 2025ء سے جون 2026ء کے دوران مینا خطے کی مجموعی کرپٹو معیشت 443.3 ارب ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کے 449.6 ارب ڈالر کے مقابلے میں معمولی کمی ظاہر کرتی ہے، متحدہ عرب امارات کو نکال کر خطے کی باقی کرپٹو معیشت میں 8.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
چین اینالیسس کے مطابق عالمی سطح پر کرپٹو کرنسیوں کی مجموعی مارکیٹ ویلیو میں نمایاں کمی کے باوجود یو اے ای میں ڈیجیٹل اثاثوں کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئیں، خطے کی کرپٹو معیشت پر ایران تنازع کے اثرات بھی مرتب ہوئے، جو 28 فروری 2026ء کو شروع ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے کرپٹو سروسز سیکٹر کا حجم 102.3 ارب ڈالر رہا، جس میں 29 فیصد اضافہ ہوا، مرکزی کرپٹو ایکسچینجز میں سرمایہ کاری کا حجم 22 فیصد بڑھ کر 55 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ ادارہ جاتی پلیٹ فارمز میں 75 فیصد اضافے کے بعد سرمایہ کاری 11.7 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی، ڈی سینٹرلائزڈ فنانس ایکسچینجز میں بھی 31 فیصد اضافے کے ساتھ 31 ارب ڈالر سے زائد کی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں۔
مزیدپڑھیں:اسرائیل میں نیتن یاہو کی حکومت ختم کرنے کے مطالبات زور پکڑنے لگے
رپورٹ میں نائن بلاکس کیپیٹل مینجمنٹ کے شریک بانی ہنری ارسلانین کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ امریکا کے علاوہ مشرق وسطیٰ، بالخصوص متحدہ عرب امارات، کرپٹو کمپنیوں کی عالمی سرگرمیوں کا اہم مرکز بن چکا ہے، ان کے مطابق یو اے ای کے ریگولیٹری اداروں کی جانب سے لائسنس جاری کرنے کی پالیسی نے ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں کاروباری اداروں کے لیے سرمایہ کاری اور سرگرمیوں کو آسان بنایا ہے۔
دوسری جانب دنیا کے سب سے بڑے کرپٹو ایکسچینج بائنانس میں سکیورٹی خلاف ورزی کے نتیجے میں تقریباً 6.3 ارب ڈالر کے نقصان کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، بائنانس کے مطابق متاثرہ اثاثوں میں سے تقریباً 3 ارب ڈالر منجمد یا تلاش کر لیے گئے ہیں، جبکہ کمپنی کی شریک بانی یی ہی نے ہیکنگ سے ہونے والے تمام نقصانات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔













اتوار 1 نومبر 2026 

