خیبرپختونخوا میں ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ

Calender Icon منگل 3 نومبر 2026

اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر خیبرپختونخوا میں بجلی کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے وفاقی اور صوبائی قیادت کے درمیان اہم مشاورتی اجلاس.

جس میں زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے اور بجلی کی فراہمی کا وقت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاور ڈویژن میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر پیٹرولیم، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، سیکرٹری پاور ڈویژن، سیکرٹری پیٹرولیم، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے شرکت کی۔

اجلاس میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں بجلی کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بالخصوص زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے عوامی ریلیف کے لیے ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی، جہاں طویل لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ عوام بھی اس اقدام کے جواب میں بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی اور بجلی چوری کے خاتمے میں تعاون کریں گے تاکہ بجلی کی فراہمی میں بہتری کا عمل مستقل بنیادوں پر جاری رہ سکے۔

وفاقی وزیر توانائی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت پورے فیڈر کو بند کرنے کے بجائے مخصوص ٹرانسفارمرز کی سطح پر لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی۔ اس خودکار نظام سے بجلی کی فراہمی میں بہتری اور لوڈشیڈنگ کے مسائل میں کمی متوقع ہے۔

مزید پڑھیں:رانا مشہود کا دورہ چین مکمل، 11 مختلف معاہدوں پر دستخط

اجلاس کے اختتام پر وفاقی اور صوبائی قیادت نے باہمی رابطے مضبوط بنانے اور طے شدہ اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔