رومانیہ (Romania)کی نوجوان جمناسٹ اور اولمپک میڈلسٹ انا ماریا باربوسو کو ڈوپنگ کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر دو سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ ان کے خلاف کارروائی کھلاڑیوں کی دستیابی سے متعلق معلومات فراہم نہ کرنے اور ڈوپنگ ٹیسٹ کے لیے مقررہ وقت پر دستیاب نہ ہونے کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت (سی اے ایس) کے اینٹی ڈوپنگ ڈویژن نے بدھ کو اپنے فیصلے میں کہا کہ 20 سالہ اینا باربوسو نے ستمبر سے دسمبر 2025 کے دوران تین مرتبہ اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت اپنی موجودگی سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے تقاضے پورے نہیں کیے۔
فیصلے کے مطابق باربوسو کی دو سالہ پابندی کا آغاز 5 مئی 2026 سے تصور کیا جائے گا، جس روز ان کی عارضی معطلی شروع ہوئی تھی۔ اس حساب سے وہ مئی 2028 میں دوبارہ مقابلوں میں حصہ لینے کی اہل ہو سکیں گی، تاہم کسی ممکنہ اپیل کی صورت میں صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔
ان کی پابندی ایسے وقت ختم ہوگی جب لاس اینجلس اولمپکس 2028 شروع ہونے میں تقریباً دو ماہ باقی ہوں گے۔
اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت مخصوص کھلاڑیوں کو ہر روز ایک گھنٹے کے لیے اپنی موجودگی کا وقت اور جگہ بتانا ہوتی ہے تاکہ کسی بھی وقت ان کا ڈوپنگ ٹیسٹ کیا جا سکے۔
اگر کوئی کھلاڑی ایک سال کے دوران تین بار یہ معلومات دینے میں ناکام رہے یا ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہ ہو، تو اسے دو سال کی معطلی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم کھلاڑی کی غلطی کی نوعیت اور ذمہ داری کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔
اینا باربوسو نے مجوزہ کارروائی کے خلاف اعتراض کیا تھا اور کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت کے اینٹی ڈوپنگ ڈویژن میں باقاعدہ سماعت کی درخواست بھی دی تھی۔
تاہم عدالت کے جج نے قرار دیا کہ ستمبر سے دسمبر 2025 کے دوران ان کی تینوں خلاف ورزیوں کو درست طریقے سے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
عدالت نے ورلڈ جمناسٹکس کی جانب سے دائر کارروائی کی درخواست کو جزوی طور پر منظور کیا۔ تاہم دسمبر 2025 کے بعد باربوسو کے کھیلوں کے مقابلوں کے نتائج منسوخ نہیں کیے جائیں گے۔
باربوسو کا 2024 کے پیرس اولمپکس میں فلور ایکسرسائز مقابلے کے دوران جیتا گیا کانسی کا تمغہ بھی ایک الگ قانونی تنازع کا حصہ ہے۔
اس معاملے میں امریکی جمناسٹ جارڈن چائلز بھی فریق ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کی وفاقی عدالت نے اس تنازع پر نظرثانی کے لیے کیس دوبارہ کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت کو بھیج دیا تھا۔
ثالثی عدالت کے مطابق اس مقدمے میں شامل فریقین نے درخواست کی ہے کہ مئی 2027 سے پہلے کوئی سماعت نہ کی جائے، جبکہ اس دوران تحریری کارروائی جاری رہے گی۔
یوں اینا باربوسو کو ایک جانب دو سالہ پابندی کا سامنا ہے تو دوسری جانب پیرس اولمپکس کے کانسی کے تمغے سے متعلق قانونی تنازع بھی تاحال حل طلب ہے۔













جمعرات 5 نومبر 2026 

