پی آئی اے نے تمام طیاروں کی ڈیپ کلیننگ کا آغاز کر دیا

Calender Icon جمعہ 6 نومبر 2026

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے مسافروں کو معیاری سفر سہولیات فراہم کرنے کیلئے اپنے فضائی بیڑے میں شامل طیاروں کی ڈیپ کلیننگ کا آغاز کر دیا۔

پی آئی اے نے طیاروں کی صفائی، کیبن مینٹیننس اور سروس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

پی آئی اے کی جانب سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں طیاروں کے کیبن کی خصوصی صفائی کے عمل کا معائنہ کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد طیاروں کو بہترین حالت میں برقرار رکھنے اور مسافروں کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر سی ای او پی آئی اے ایڈرین ہملٹن مانز نے کہا کہ طیاروں کی صفائی انتہائی اہم ہے اور اپنے برانڈ کو اعلیٰ ترین معیار پر برقرار رکھنا ضروری ہے۔ طیاروں کو بہترین حالت میں رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اس عمل اور رفتار کا آغاز ہے جس کے ذریعے پی آئی اے کے طیاروں کو بہترین حالت میں برقرار رکھا جائے گا۔

پی آئی اے انتظامیہ نے ادارے میں صفائی، معیار اور سروس کے اعلیٰ معیارات کو فروغ دینے کے لیے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

صفائی کے عمل میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس دیے گئے جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو نقد انعامات سے بھی نوازا گیا۔

قومی ایئرلائن نجکاری کے بعد ایک نئے انتظامی دور میں داخل ہو چکی ہے
واضح رہے کہ پی آئی اے کی ڈیپ کلیننگ مہم ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب قومی ایئرلائن نجکاری کے بعد ایک نئے انتظامی دور میں داخل ہو چکی ہے۔

عارف حبیب کی سربراہی میں سرمایہ کار کنسورشیم کو جون 2026 میں پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد ایئرلائن کی بحالی، طیاروں کے بیڑے میں توسیع، سروس کے معیار میں بہتری اور آپریشنل کارکردگی بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

نومبر 2026 میں نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایوی ایشن ماہر ایڈرین ہملٹن مانز نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ سنبھالا۔ انہیں عالمی فضائی صنعت میں تین دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے اور وہ اس سے قبل عمان کی سلام ایئر اور قازقستان کی فلائی ارسٹن سمیت تین ایئرلائنز کے سربراہ رہ چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:وفاقی بلدیاتی انتخابات، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

نئی انتظامیہ کو پی آئی اے کی ساکھ بحال کرنے، مسافروں کا اعتماد حاصل کرنے، طیاروں کی حالت بہتر بنانے اور ایئرلائن کو تجارتی بنیادوں پر مستحکم بنانے کے اہم چیلنجز درپیش ہیں۔