وفاقی بلدیاتی انتخابات، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

Calender Icon جمعہ 6 نومبر 2026

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا نظرثانی شدہ شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں8 نومبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو اسلام آباد میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیتے ہوئے الیکشن شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق پولنگ کی تاریخ 20 دسمبر مقرر کی گئی تھی۔ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 2 سے 6 نومبر تک وصول کرنے جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابقنامزد امیدواروں کی فہرست 10 نومبر کو جاری کی جائے گی، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 سے 16 نومبر تک ہوگی جبکہ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 17 سے 20 نومبر تک دائر کی جاسکیں گی۔

نئے شیڈول کے مطابق اپیلٹ اتھارٹی 21 سے 25 نومبر تک اپیلوں پر فیصلے کرے گی اور امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 26 نومبر کو جاری ہوگی۔

جاری شیڈول میں دستبرداری اور نظرثانی شدہ فہرست کی آخری تاریخ 27 نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشانات 28 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔

نظرثانی شدہ شیڈول میں انتخابات کے لیے پولنگ کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر 2026 کو ہی منعقد کیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کا وقت صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی نتائج کی تیاری اور یکجائی 21 سے 24 دسمبر تک ہوگی۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کاغذات نامزدگی کی تاریخ میں توسیع سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے حوالے سے لکھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہدایت کے مطابق امیدوار اپنے متعلقہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ کمیشن نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ اپنے کاغذات جمع کرائیں۔

دوسری جانب اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے انتخابی شیڈول اور الیکشن کمیشن کا 21 اکتوبر کا آرڈر گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

شہری چوہدری امجد علی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسلام آباد کے بلدیاتی اداروں کی قانونی مدت فروری 2021 میں ختم ہو چکی ہے، الیکشنز ایکٹ 2017 کے مطابق مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کرانا قانوناً لازم ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی فیصلے تک الیکشن کے عمل کو معطل يا ملتوی کیا جائے، جب تک قانونی تنازع حل نہیں ہوتا تب تک قانونی طور پر نئى اور شفاف حلقہ بندیاں کرانے کا حکم دیا جائے۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے جن کے نتیجے میں تشکیل پانے والی منتخب بلدیاتی حکومت کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہو گئی تھی۔

مزید پڑھیں:ایبٹ آباد، بھکر اور ملتان میں ٹریفک حادثات، 12 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

قانون کے مطابق حکومت کی مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن کے اندر نئے انتخابات کرائے جانے تھے لیکن قانون میں بار بار تبدیلیوں اور انتظامی مسائل کے باعث انتخابی عمل 5 سال سے تعطل کا شکار ہے۔