راولپنڈی: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز(Maryam Nawaz) کے متوقع دورہ جہلم اور پنڈ دادن خان کے باعث انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول امتحانات 2026 کے کمپیوٹر سائنس کے پرچے ملتوی کردیے ہیں۔ ملتوی ہونے والے پرچے اب 30 نومبر کو منعقد ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق 10 نومبر بروز منگل کو ہونے والے کمپیوٹر سائنس کے پرچے ضلع جہلم میں ملتوی کیے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر جہلم کی سفارش پر کیا گیا، جنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے متوقع دورے کے پیش نظر امتحانات کی نئی تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کی تھی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کی جانب سے چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کو ارسال کیے گئے خط میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 10 نومبر کو ضلع جہلم کا دورہ متوقع ہے، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وسیع پیمانے پر انتظامی، سکیورٹی اور پروٹوکول کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعلیٰ کے دورے کے باعث انتظامی اور سکیورٹی عملے کی مختلف مقامات پر تعیناتی ہوگی، جس کے نتیجے میں ضلع جہلم میں امتحانات کا پُرامن اور بلاتعطل انعقاد ممکن نہیں ہوگا۔ اس لیے طلبہ کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچانے اور امتحانات سمیت وی وی آئی پی دورے کے انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے کمپیوٹر سائنس کے پرچے ملتوی کرکے کسی دوسری مناسب تاریخ پر منعقد کرنے کی سفارش کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے صبح اور شام دونوں گروپس کے کمپیوٹر سائنس کے پرچوں کا شیڈول تبدیل کردیا۔ بورڈ کے ترجمان ارسلان چیمہ کے مطابق کنٹرولر امتحانات مبشر سعید نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
مزیدپڑھیں:دیوالی امن، رواداری اور باہمی احترام کا پیغام دیتی ہے، شہباز شریف
ترجمان نے بتایا کہ 10 نومبر کو انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول امتحانات 2026 کے تحت ہونے والے کمپیوٹر سائنس کے پرچے صرف ضلع جہلم میں ملتوی کیے گئے ہیں، جبکہ راولپنڈی بورڈ کی حدود میں شامل دیگر اضلاع کے تمام امتحانی مراکز میں پرچے پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔
نئے شیڈول کے مطابق ضلع جہلم میں صبح کے گروپ کا کمپیوٹر سائنس کا پرچہ 30 نومبر کو صبح کے سیشن میں جبکہ شام کے گروپ کا پرچہ اسی روز شام کے سیشن میں منعقد ہوگا۔ دونوں گروپس کے طلبہ اپنے پہلے سے مختص کردہ امتحانی مراکز میں ہی پرچے دیں گے۔
کنٹرولر امتحانات کے مطابق طلبہ کی سہولت کے لیے نئی رول نمبر سلپس بھی جاری کی جائیں گی، تاہم پہلے سے جاری کردہ رول نمبر سلپس بھی قابلِ استعمال ہوں گی۔
بورڈ حکام نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ امتحانی شیڈول میں تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی تاریخ کے مطابق اپنی تیاری جاری رکھیں، جبکہ دیگر اضلاع کے طلبہ اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق امتحانات میں شرکت کریں۔













اتوار 8 نومبر 2026 