ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (Mepco) نے نئے بجلی کنکشنز کی تنصیب میں تیزی لانے اور زیر التواء درخواستوں کو نمٹانے کے لیے مختلف آپریشن سرکلوں کو 384 سی ٹی اور 498 ڈی فیوز فٹنگز فراہم کردی ہیں۔
میپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر گل محمد زاہد کی ہدایت پر نئے بجلی کنکشنز کے لیے درکار سامان مختص کیا گیا ہے تاکہ ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کے باوجود کنکشنز کے منتظر صارفین کو جلد بجلی کی سہولت فراہم کی جاسکے۔
ڈائریکٹر میٹریل مینجمنٹ میپکو ملک جاوید اقبال کی جانب سے جاری کردہ ایلوکیشن کے مطابق 30 ستمبر 2026 تک ڈیمانڈ نوٹسز کی ادائیگی کرنے والے صارفین کے لیے یہ سامان جاری کیا گیا ہے۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سی ٹی اور ڈی فیوز فٹنگز ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، ساہیوال، خانیوال، وہاڑی، رحیم یار خان، بہاولنگر اور مظفرگڑھ کے آپریشن سرکلوں کے لیے مختص کی گئی ہیں۔
مزیدپڑھیں:یونان کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ، 14 افراد جاں بحق
میپکو حکام کا کہنا ہے کہ مختص کردہ سامان متعلقہ آپریشن سرکلوں اور فیلڈ اسٹورز کے ذریعے محکمانہ ضابطہ کار اور منظور شدہ تخمینوں کے مطابق فراہم کیا جائے گا، جس سے زیر التواء ڈپازٹ کنکشنز کی تنصیب کا عمل تیز ہوگا۔
اس سلسلے میں متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مختص کردہ سامان کی بروقت وصولی اور استعمال یقینی بنائیں، جبکہ نئے بجلی کنکشنز کی تنصیب ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے اس کی رپورٹ میپکو ہیڈ کوارٹر کو بھجوائیں۔












منگل 10 نومبر 2026 