کراچی میں مسابقتی ایل پی جی پالیسی پر عمل درآمد کا آغاز کردیا گیا اور سرکاری توانائی کمپنیوں کی جانب سے 70 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کی خریداری کے لیے عالمی ٹینڈرز جاری کر دیے گئے۔
انڈسٹری ذرائع نے بتایا کہ سرکاری توانائی کمپنیوں کی جانب سے 70 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کے لیے ٹینڈرز جاری کیے گئے، درآمدی ایل پی جی کے جہاز آئندہ 2 ہفتوں میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔
انڈسٹری ذرائع کا کہنا تھا کہ درآمدی ایل پی جی کی آمد سے سردیوں میں سپلائی مستحکم ہونے اور قلت کا خدشہ کم ہونے کی توقع ہے، مسابقتی ایل پی جی پالیسی کے تحت مارکیٹ میں رسد بڑھانے اور بلیک مارکیٹنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن کی ذیلی کمپنی ایس ایل ایل نے انٹرنیشنل اسپاٹ مارکیٹ سے ایل پی جی خریداری کے ٹینڈرز جاری کیے، ایل پی جی کی خریداری کے لیے 20 ہزار اور 50 ہزار میٹرک ٹن کے 2 علیحدہ ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں، پی ایس او، سوئی سدرن اور پارکو بھی عالمی مارکیٹ سے ایل پی جی درآمد کریں گے۔
انڈسٹری ذرائع نے کہا کہ موجودہ عالمی نرخوں کے مطابق درآمدی ایل پی جی پاکستان پہنچ کر 450 روپے فی کلو پڑنے کا تخمینہ ہے، معمولی مارجن کے ساتھ درآمدی ایل پی جی صارفین کو تقریباً 460 روپے فی کلو فراہم کی جا سکے گی، سرکاری توانائی کمپنیوں کو درآمدی ایل پی جی کے نرخ مقرر کرنے کا اختیار دے دیا گیا۔
انڈسٹری ذرائع کا کہنا تھا کہ درآمدی ایل پی جی کی فروخت کا مقصد کاروباری منافع کے بجائے مارکیٹ میں مسابقت اور قیمتوں کو کم کرنا ہے، ملک میں اس وقت ایل پی جی 530 سے 630 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، سرکاری کمپنیوں کی درآمدی ایل پی جی موجودہ مارکیٹ نرخوں سے 70 سے 130 روپے فی کلو سستی دستیاب ہونے کا امکان ہے۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی درآمد کے لیے سرکاری و توانائی کمپنیوں کے انٹرنیشنل ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں اور مجموعی طور پر 47 ہزار 500 میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کا منصوبہ ہے۔
ٹینڈرز کے حوالے سے کہا گیا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے ایل پی جی درآمد کے لیے مجموعی طور پر 44 ہزار میٹرک ٹن کے 3 ٹینڈرز جاری کردیے، پی ایس او نے 20 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کا پہلا ٹینڈر 6 نومبر کو جاری کیا، درآمدی کھیپ 15 سے 25 نومبر کے دوران کراچی پہنچے گی۔
مزید بتایا گیا کہ پی ایس او نے 20 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کا دوسرا ٹینڈر بھی جاری کردیا، درآمدی کھیپ 20 سے 30 نومبر کے دوران کراچی پہنچے گی۔
انڈسٹری ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ایس او نے 4 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کی اسپاٹ بنیاد پر درآمد کے لیے بھی ٹینڈر جاری کیا، بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 نومبر مقرر کی گئی ہے اور اسی طرح پارکو پرل گیس نے بھی 3 ہزار 500 میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کا ٹینڈر جاری کیا، درآمدی کھیپ 13 سے 15 نومبر کے دوران پورٹ قاسم پہنچے گی۔
پارکو پرل گیس کے ٹینڈر کے تحت غیر ملکی سپلائرز سے پورٹ قاسم کے لیے سی ایف آر بنیاد پر ایل پی جی خریدی جائے گی۔
مزید پڑھیں:ایران امریکہ تنازع ؛ خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں بڑی کمی
ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ایس او اور پارکو پرل گیس کے جاری کردہ ٹینڈرز کے تحت مجموعی طور پر 47 ہزار 500 میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کی جائے گی، ایل پی جی کے درآمدی ٹینڈرز کے تحت مختلف کھیپوں کی آمد 13 سے 30 نومبر کے دوران متوقع ہے۔












بدھ 11 نومبر 2026 