ہندی اور بنگالی فلموں کی معروف اداکارہ موشومی چٹرجی کے شوہر اور سینئر فلم پروڈیوسر جیانتا مکھرجی علالت کے باعث انتقال(Passedaway) کرگئے، ان کی عمر 70 برس سے زائد تھی۔
فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز کے صدر بی این تیواڑی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ جیانتا مکھرجی گزشتہ شام ممبئی کے علاقے کھار میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کرگئے، وہ بڑھاپے سے متعلق طبی مسائل کا شکار تھے۔
مزیدپڑھیں:لاہور: شاہی قلعے کا اکبری دروازہ دو صدیوں بعد عوام کیلئے کھولنے کی تیار، بحالی مکمل
جیانتا مکھرجی معروف گلوکار اور موسیقار ہیمنت کمار کے صاحبزادے تھے، انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں بطور پروڈیوسر اپنی خدمات انجام دیں اور مذاق (1975ء)، دو لڑکے دونوں کڑکے (1979ء) اور بیوی اور مکان سمیت متعدد فلمیں پروڈیوس کیں، ان کی ابتدائی دو فلموں میں اہلیہ موشومی چٹرجی نے بھی نمایاں کردار ادا کیے تھے۔
وہ 1992ء میں نشر ہونے والے ٹیلی ویژن ڈرامے تلاش سے بھی وابستہ رہے، ان کے انتقال پر فلمی حلقوں میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جیانتا مکھرجی اپنے سوگواروں میں اہلیہ موشومی چٹرجی اور بیٹی میگھا مکھرجی کو چھوڑ گئے ہیں، ان کی بڑی بیٹی پائل مکھرجی 2019ء میں 45 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔












ہفتہ 14 نومبر 2026 