موشومی چٹرجی کے شوہر سینئر فلم پروڈیوسر جیانتا مکھرجی چل بسے

Calender Icon جمعہ 13 نومبر 2026

ہندی اور بنگالی فلموں کی معروف اداکارہ موشومی چٹرجی کے شوہر سینئر فلم پروڈیوسر جیانتا مکھرجی علالت کے باعث چل بسے، ان کی عمر 70 برس سے زائد تھی۔

فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز کے صدر بی این تیواڑی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ وہ گزشتہ شام کھار میں واقع اپنی رہائش گاہ پر بڑھاپے کے طبی مسائل کے باعث چل بسے۔

وہ معروف گلوکار و موسیقار ہیمنت کمار کے بیٹے تھے۔ انہوں نے مذاق (1975)، دو لڑکے دونوں کڑکے (1979) اور بیوی اور مکان جیسی فلمیں پروڈیوس کیں۔

پہلی دو فلموں میں ان کی اہلیہ موشومی چٹرجی نے نمایاں کردار ادا کیے تھے۔ وہ 1992 میں نشر ہونے والے ٹیلی ویژن ڈرامے تلاش سے بھی وابستہ رہے۔

انھوں نے سوگواروں میں اہلیہ موشومی چٹرجی اور بیٹی میگھا مکھرجی چھوڑی ہیں۔ یاد رہے کہ 2019 میں ان کی بڑی بیٹی پائل 45 برس کی عمر میں چل بسی تھیں۔