بنوں میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، جوابی کارروائی میں 4 خوارج ہلاک

Calender Icon ہفتہ 14 نومبر 2026

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں(Bannu) میں پولیس نے کنگر پل چوکی پر فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے نصف شب کنگر پل پولیس چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنادیا۔

پولیس کی کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 4 خوارج کی لاشیں ملیں، جبکہ موقع سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے بنوں میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس اہلکاروں کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی سرزمین پر دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

مزیدپڑھیں:بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر آسٹریلوی کھلاڑیوں کے بیانات کے بعد وسیم اکرم نے کیا کہا؟

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بنوں میں فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرات کے ساتھ خوارجیوں کا حملہ ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔ محسن نقوی نے صوبے میں قیام امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔