عالیہ بھٹ کی پیدائش سے قبل ایک دن میں 100 سگریٹ پی لی تھیں، اداکارہ سونی کا انکشاف

Calender Icon پیر 16 نومبر 2026

ممبئی: بالی وڈ اداکارہ سونی رازدان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی چھوٹی بیٹی اور اداکارہ عالیہ بھٹ کے حمل کے دوران فلم کی شوٹنگ میں ایک ہی دن میں تقریباً 100 سگریٹ پی گئی تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سونی رازدان نے ایک انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے کیرئیر میں فلم اور ٹیلی ویژن کے مختلف پروجیکٹس پر کام کے دوران حاملہ ہوئیں اور اس دوران انہیں ساتھی فنکاروں اور پروڈکشن ٹیم کی جانب سے بھرپور تعاون حاصل رہا۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ پہلی مرتبہ ٹی وی ڈرامے ’’بنیاد‘‘ کی شوٹنگ کے دوران حاملہ ہوئی تھیں جو 1986 میں نشر ہوا تھا۔ اس وقت ڈرامے کی ٹیم نے ان کا خاص خیال رکھا اور انہیں شوٹنگ پر آنے جانے کے لیے گاڑی بھی فراہم کی، کیونکہ ممبئی کے علاقے لوکھنڈ والا میں اس وقت صبح سویرے ٹیکسی ملنا بہت ہی مشکل ہوا کرتا تھا۔

سونی رازدان اور معروف فلم ساز مہیش بھٹ کے ہاں 1988 میں پہلی بیٹی شاہین بھٹ کی پیدائش ہوئی۔ دوسری مرتبہ اداکارہ 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’گمراہ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران حاملہ ہوئیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ فلم کے ایک منظر میں انہیں سگریٹ نوشی کرنا تھی اور اس منظر کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے ایک ہی دن میں تقریباً 100 سگریٹ پی لیں، انہیں اس وقت علم نہیں تھا کہ ان کے پیٹ میں عالیہ بھٹ پرورش پا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:وادی لیپہ اور نیلم میں بارش اور برف باری

اداکارہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ وہ عام طور پر سگریٹ نوشی نہیں کرتی تھیں لیکن اس واقعے کے بعد انہیں سگریٹ پینے کی طلب محسوس ہونے لگی تھی۔