اڈیالہ جیل میں قید سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے سیل میں چوہے، کاکروچ اور کنکھجورے آتے ہیں جبکہ ماضی میں وہاں 7 چھوٹے سانپ بھی دیکھے گئے تھے جنہیں جیل کے ایک اہلکار نے مار کر دور کیا۔
اس بات کا دعویٰ بشریٰ بی بی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر ایک درخواست میں کیا گیا۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی بینائی شدید متاثر ہونے اور مستقل نابینا پن کا خدشہ ہے لہذا انہیں اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کیے جانے کا حکم دیا جائے۔
یہ درخواست بشریٰ بی بی کی ان کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ سے 11 نومبر کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کے بعد دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو ایک بڑے ہال نما کمرے میں قید رکھا گیا ہے جہاں صفائی اور حفظانِ صحت کی ناقص صورتِ حال کے باعث چوہے، کاکروچ اور کنکھجورے آتے ہیں جبکہ کیڑوں کے کاٹنے سے انہیں بار بار جلد پر خارش اور دانے بھی نکلتے ہیں۔
درخواست کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے 10 نومبر کو بشریٰ بی بی، ان کے شوہر عمران خان اور وکلا کے درمیان اگلے روز اڈیالہ جیل میں ملاقات کرانے کی ہدایت کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے اپنی طبی کیفیت اور جیل میں رہائش کے حالات سے متعلق مزید تفصیلات وکلا کو بتائیں۔
درخواست میں اس ملاقات کے دوران سامنے آنے والی اضافی تفصیلات عدالت کے ریکارڈ پر لانے کی استدعا کی گئی ہے۔ اس ملاقات میں انہوں ںے وکلا کو بتایا تھا کہ انہیں موتیا (مچیور کیٹریکٹ) کی تشخیص ہوئی ہے اور ڈاکٹروں نے تقریباً 15 نومبر کو سرجری تجویز کی ہے۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کی اس سے قبل بھی سرجری کرائی گئی تھی۔ انہوں نے اپریل میں جیل میں ملاقات کے دوران اپنی صاحبزادی کو بتایا تھا کہ 16 اپریل کو ان کی الشفا ٹرسٹ آئی اسپتال میں آنکھ کی سرجری کرائی گئی۔
درخواست کے مطابق بشریٰ بی بی نے وکلا کو بتایا کہ انہوں نے جیل حکام سے آنکھوں کے درد کی متعدد بار شکایت کی، تاہم ماہر ڈاکٹروں نے تقریباً 7 سے 8 روز بعد ان کا معائنہ کیا۔ انہیں بتایا گیا ہے کہ آئندہ سرجری کے بعد آنکھ میں انفیکشن ہونے کی صورت میں بینائی مکمل اور مستقل طور پر ضائع ہو سکتی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی دونوں آنکھوں کی بینائی شدید متاثر ہے۔ چشمہ پہننے کے باوجود وہ سامنے موجود افراد کو صرف دھندلے یا ہیولے کی صورت میں دیکھ پاتی ہیں جبکہ اطراف کی چیزیں دیکھنے میں بھی دشواری ہوتی ہے۔ ان کے مطابق آنکھوں میں کئی روز سے مسلسل درد ہے اور وہ روزانہ درد کم کرنے کے لیے پیناڈول اور ٹونوفلیکس کی 2 گولیاں استعمال کر رہی ہیں۔
بشریٰ بی بی کے مطابق اڈیالہ جیل میں دستیاب ڈیوٹی ڈاکٹر ماہرِ امراضِ چشم نہیں بلکہ گائناکالوجسٹ ہیں، جس کے باعث انہیں اپنی آنکھوں کے علاج کے لیے مناسب طبی سہولتوں کی دستیابی پر تحفظات ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ پیش کرنے، انہیں ضروری طنی سہولتیں فراہم کرنے اور علاج کے لیے فوری طور پر آنکھوں کے کسی خصوصی اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔
مزید پڑھیں:آئینی عدالت کی پشاور ہائیکورٹ کو آئینی درخواستوں کی سماعت کی اجازت
بشریٰ بی بی کو احتساب عدالت نے 17 جنوری 2025 کو 190 میلن پاؤنڈ القادر ٹرسٹ کیس میں معاونت اور اعانت کے جرم میں 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ وہ اس سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر چکی ہیں جن پر آخری سماعت 10 نومبر کو ہوئی تھی۔












پیر 16 نومبر 2026 