پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں گندم کے نرخوں میں اچانک تیزی آنے کے بعد آٹے کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مزید مشکل ہو گیا ہے۔
مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق پنجاب بھر کی اوپن مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت اضافے کے بعد 5 ہزار 900 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے، جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں فی من گندم 5 ہزار 750 روپے اور راولپنڈی و اسلام آباد میں 5 ہزار 920 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ گندم مہنگی ہونے کے براہِ راست اثرات آٹے کے نرخوں پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں لاہور میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی ہول سیل قیمت 2 ہزار 500 روپے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں 2 ہزار 650 روپے تک جا پہنچی ہے۔
مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ زراعت نے رواں برس گندم کی پیداوار میں کمی اور 25 لاکھ ٹن کے شارٹ فال کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے، جبکہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے گندم کی درآمد ملکی اوپن مارکیٹ کو مستحکم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اس سنگین صورتحال کے پیشِ نظر فلور ملز ایسوسی ایشن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ہنگامی بنیادوں پر 5 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے، جبکہ مارکیٹ ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ قیمتوں کا یہ موجودہ بحران کہیں آٹے کی دستیابی کے سنگین بحران میں تبدیل نہ ہو جائے۔













پیر 16 نومبر 2026 
