Advertisement

بلاول بھٹو کے بیان میں انتخابی معاملات سے متعلق بنیادی حقائق نظرانداز ہوئے: ذرائع

Calender Icon بدھ 18 نومبر 2026

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی معاملات سے متعلق حالیہ بیان پر اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیان میں آئینی اور قانونی تقاضوں کے بنیادی حقائق کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے کراچی پریس کلب میں بلاول بھٹو زرداری کے ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کے حوالے سے کہا ہے کہ قوانین کے تحت مخصوص نشستوں کی حقدار صرف وہی سیاسی جماعتیں ہوتی ہیں جو باضابطہ طور پر بطور جماعت عام انتخابات میں حصہ لیں۔ ذرائع کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں پر یہ لازم ہے کہ وہ انتخابات کے انعقاد سے قبل مقررہ مدت کے اندر مخصوص نشستوں کے لیے اپنے امیدواروں کی ترجیحی فہرست جمع کرائیں، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ایسی کوئی فہرست جمع نہیں کرائی گئی تھی۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں تحریک انصاف سے انتخابی نشان واپس لینے کے حکم کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ اس نکتے پر مؤقف اختیار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 208 اور 209 ہر سیاسی جماعت کو شفاف انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا پابند بناتے ہیں، اور پی ٹی آئی مقررہ قانونی معیار اور خود اپنے پارٹی آئین کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کرانے میں ناکام رہی تھی۔