Advertisement

پاکستان میں پیٹرول 133 اور ڈیزل 162 روپے فی لیٹر سستا ہوا: اسحاق ڈار

Calender Icon بدھ 18 نومبر 2026

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومتی اصلاحات اور موثر پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر نمایاں کمی آئی ہے، جہاں اپریل کے مقابلے میں پیٹرول 133 روپے اور ڈیزل 162 روپے فی لیٹر سستا ہو چکا ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ایران اور امریکا کے تنازع کے دوران 3 اپریل 2026 کو ملکی تاریخ میں پیٹرول کی قیمت 458 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لیٹر کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھی۔ تاہم حکومت کے بروقت اقدامات اور عالمی منڈی میں نرخوں کی کمی کے باعث 18 نومبر کو پیٹرول کی قیمت کم ہو کر 325 روپے اور ڈیزل کی قیمت 358 روپے فی لیٹر کی سطح پر آ گئی ہے، جس سے عوام کو براہِ راست ریلیف ملا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے پیٹرولیم پالیسی میں اہم اصلاحات متعارف کرا کے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا ہے۔ نائب وزیراعظم کے مطابق کم آمدنی والے طبقے کے لیے موٹر سائیکل اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کی فیول سبسڈی اسکیم کامیابی سے جاری ہے اور اس اسکیم سے مستفید ہونے والے شہریوں کی تعداد ایک کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عالمی معاشی چیلنجز کے باوجود عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔