Advertisement

محمد عباس رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر

Calender Icon جمعہ 20 نومبر 2026

پاکستان کے تجربہ کار میڈیم فاسٹ بولر محمد عباس رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں، جبکہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کے اعزازات سے بھی نوازا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محمد عباس نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کر کے قومی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا اور دو میچوں کی سیریز میں مجموعی طور پر 8 شکار کیے۔ اس شاندار کارکردگی کے بعد رواں برس ٹیسٹ کرکٹ کی 14 اننگز میں محمد عباس کی وکٹوں کی مجموعی تعداد 39 ہو گئی ہے، جس کے ساتھ ہی وہ سال کے کامیاب ترین ٹیسٹ بولر بن گئے ہیں۔

رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں انگلینڈ کے جوش ٹنگ 14 اننگز میں 33 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک اتنی ہی اننگز میں 32 وکٹیں حاصل کر کے تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔