Advertisement

وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری، گلگت اور مظفرآباد رہائشی ہائرنگ اسٹیشنز قرار

Calender Icon جمعہ 20 نومبر 2026

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کو رہائشی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے گلگت اور مظفرآباد کو بھی سرکاری رہائش کی ہائرنگ کے لیے مخصوص اسٹیشنز قرار دے دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔

جوائنٹ سیکریٹری اسٹیٹ فیاض الحق کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم اور نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ ایک سے 22 تک کے تمام وفاقی سرکاری ملازمین اب گلگت اور مظفرآباد میں بھی نئی رہائشی ہائرنگ کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے اور ان کے لیے نجی رہائش گاہیں کرائے پر حاصل کی جا سکیں گی۔ اس فیصلے کے تحت گلگت اور مظفرآباد کو اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کے مساوی حیثیت دے دی گئی ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گلگت اور مظفرآباد کو مخصوص اسٹیشنز قرار دینے کا فیصلہ اکاموڈیشن الاٹمنٹ رولز 2002 کے تحت کیا گیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں وفاقی ملازمین کے لیے رہائشی ہائرنگ کے مخصوص اسٹیشنز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 8 ہو گئی ہے۔ اس اقدام کی باضابطہ منظوری فنانس ڈویژن نے 17 نومبر 2026ء کو دی تھی جبکہ وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے 20 نومبر کو اس کا آفس میمورنڈم جاری کرتے ہوئے تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور متعلقہ محکموں کو عملدرآمد کے لیے ارسال کر دیا ہے۔