Advertisement

بھارتی صحافیوں کے تیکھے سوالات، مصدق ملک نے تحمل سے جواب دے کر گفتگو کا رخ بدل دیا

Calender Icon ہفتہ 21 نومبر 2026

پاکستان کے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک(MusadikMalik) نے بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں کے دہشتگردی اور پاک بھارت تعلقات سے متعلق سوالات کے جواب میں کہا ہے کہ خطے کے مسائل کو الزام تراشی کے بجائے شواہد اور شفاف طریقہ کار کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ دوطرفہ تنازعات کے بجائے کثیرالجہتی فورم کے ایجنڈے پر بات کرنے آئے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک بھارتی صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان ایس سی او میں انسدادِ دہشتگردی کی حمایت تو کرتا ہے، لیکن بھارت میں موجود مبینہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتا؟ اس پر مصدق ملک نے کہا کہ وہ بار بار واضح کر چکے ہیں کہ یہ فورم دوطرفہ معاملات پر گفتگو کے لیے نہیں، بلکہ خطے کے مشترکہ مسائل پر بات کرنے کا موقع ہے۔


انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے معاملے پر شفافیت اور ٹھوس شواہد ضروری ہیں۔ پاکستان متعدد مرتبہ شفاف طریقہ کار وضع کرنے کی دعوت دے چکا ہے تاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے سامنے ثبوت پیش کر سکیں یا کسی ایسے دوست ملک یا کثیرالجہتی فورم کے ذریعے بات آگے بڑھائیں جس پر دونوں کو اعتماد ہو۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کے باعث بھاری جانی نقصان اٹھا چکا ہے اور گزشتہ ڈیڑھ سے 2 برس کے دوران ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں اور بچوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرتا رہے گا، تاہم پورے خطے کے امن کے لیے الزام تراشی کے بجائے سنجیدہ مکالمہ ناگزیر ہے۔

مزیدپڑھیں:پیرو میں 6.7 شدت کا زلزلہ، مکانات کو نقصان، لینڈ سلائیڈنگ اور بجلی کی فراہمی متاثر

انہوں نے کہا کہ افغانستان، ایران اور وسطی ایشیا سمیت پورا خطہ مختلف مسائل سے دوچار ہے، اس لیے ان چیلنجز کو کسی ایک واقعے یا دوطرفہ تنازع تک محدود کرنے کے بجائے وسیع تناظر میں دیکھنا چاہیے۔ ان کے مطابق دہشتگردی سے متاثر تمام ممالک کو مشترکہ کوششوں اور شواہد کی بنیاد پر حل تلاش کرنا ہوگا۔

ایک اور سوال کے جواب میں مصدق ملک نے ثقافتی مکالمے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے درمیان رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ثقافت صرف 2 ملکوں کے تعلقات تک محدود نہیں بلکہ لوگوں کے رہن سہن، سوچ اور طرزِ زندگی کو سمجھنے کا ذریعہ بھی ہے۔ ایک دوسرے کو سمجھے بغیر خطے میں آگے بڑھنا ممکن نہیں۔


بھارتی صحافیوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان طویل عرصے بعد اعلیٰ سطحی آمدورفت اور ممکنہ دوطرفہ گفتگو سے متعلق بھی سوالات کیے۔ اس پر مصدق ملک نے میزبان ملک کے احترام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں مہمان ہیں اور موجودہ دورے کا مقصد ایس سی او کے کثیرالجہتی اجلاس میں شرکت ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اس فورم پر گفتگو تمام رکن ممالک اور خطے کے مشترکہ معاملات کے تناظر میں ہونی چاہیے۔