سعودی دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت کو ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں دوسری مرتبہ حملے کا نشانہ بنایا گیا اس عمارت میں سعودیہ کے مالیاتی مرکز کا دفتر بھی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تین عینی شاہدین نے بتایا کہ منگل کو ایک نامعلوم سمت سے آنے والا گولہ ریاض کے کاروباری اور مالیاتی مرکز میں واقع بلند عمارت سے ٹکرایا۔
سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ مالیاتی مرکز میں واقع ٹاور پر حوثی ملیشیا کے دہشت گردانہ حملے میں 11 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں دو سعودی شہری، دو بھارتی، تین نیپالی اور چار مصری باشندے شامل ہیں۔
سول ڈیفنس کے مطابق متعلقہ اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امدادی سرگرمیاں شروع کیں اور انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے۔
خیال رہے کہ اس عمارت میں سعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ (پی آئی ایف) کا مرکزی دفتر بھی ہے۔
سعودی قیادت میں یمن کے حوثیوں کے خلاف لڑنے والے فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے بزدلانہ حملہ قرار دیا۔
تاحال سعودی حکام نے حملے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کیں اور نہ ہی تازہ حملے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول کی ہے۔
یاد رہے کہ 19 نومبر کو بھی ریاض کے اسی مالیاتی مرکز میں واقع پی آئی ایف ٹاور پر حملہ ہوا تھا جس سے عمارت کی متعدد منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔
مزید پڑھیں:عالمی اسنوکر کپ؛ محمد آصف بھارتی حریف کو شکست دیکر ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچ گئے
تقریباً 385 میٹر بلند یہ عمارت سعودی عرب کی اہم ترین مالیاتی تنصیبات میں شمار ہوتی ہے اور ولی عہد محمد بن سلمان کے معاشی ترقی کے منصوبوں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ کا صدر دفتر ہے۔













منگل 24 نومبر 2026 
