اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے نظام کو مضبوط بنانے اور پائیدار منصوبوں کی تیاری میں معاونت کے لیے 25 کروڑ ڈالر کے پالیسی بیسڈ قرض کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس سے نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ملکی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلامیے کے مطابق اس مالی معاونت کے تحت حکومتِ پاکستان کو بالخصوص معیاری اور کم لاگت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو سرمایہ کاری کے لیے تیار کرنے، منصوبوں کی جانچ پڑتال کے عمل کو بہتر بنانے اور مالیاتی خطرات کے مؤثر انتظام میں مدد فراہم کی جائے گی۔ پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا ہے کہ منصوبوں کی جامع جانچ پڑتال، شفاف معلومات کی فراہمی اور مالیاتی خطرات کا مؤثر انتظام پاکستان کے پی پی پی منصوبوں کو پائیدار بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے ناگزیر ہے، اور یہ پروگرام پاکستان کی عوامی سرمایہ کاری و مالیاتی انتظام کو مضبوط بنانے کے لیے اے ڈی بی کے عزم کا عکاس ہے۔
یہ پروگرام 2024 میں منظور کیے گئے ’پروموٹنگ سسٹین ایبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس پروگرام‘ کے پہلے مرحلے کا تسلسل ہے، جس کے دوسرے مرحلے کے تحت وفاقی سطح پر پی پی پی اور نجکاری کے امور کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لایا جا رہا ہے، جبکہ چار وفاقی وزارتوں اور اداروں میں خصوصی پی پی پی یونٹس کا قیام اور مالیاتی واجبات کی نگرانی کے لیے قومی فریم ورک بھی تشکیل دیا جا رہا ہے۔ اے ڈی بی کے تعاون سے حکومت نے 2026 سے 2030 تک کے درمیانی مدت کے منصوبوں کی فہرست بھی منظور کر لی ہے، جبکہ نیشنل پی پی پی اینڈ انویسٹمنٹ نالج ہب وفاقی و صوبائی اداروں کو تربیت اور علمی وسائل فراہم کرے گا۔
علاوہ ازیں اس پروگرام میں منصوبہ بندی اور خریداری کے عمل میں شمولیت سمیت موسمیاتی و دیگر خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بھی ترجیح دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے اے ڈی بی کے ٹیکنیکل اسسٹنس اسپیشل فنڈ سے 11 لاکھ ڈالر جبکہ ایشیا پیسیفک پراجیکٹ پریپریشن فیسلٹی سے 9 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی اضافی تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے، جس سے ادارہ جاتی استعداد بڑھانے، پیشہ ورانہ سرٹیفکیشن اور مالیاتی خطرات کے جائزے کے جدید آلات کی تیاری میں مدد ملے گی۔













بدھ 25 نومبر 2026 
