ملتان کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو طبعیت ناسازی کے باعث امراضِ قلب کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی ٹیسٹ رپورٹس نارمل آنے پر انہیں ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو طبی معائنے کے لیے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان میں داخل کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے سٹی اسکین سمیت دیگر ضروری طبی ٹیسٹ کیے گئے، جن کی تمام رپورٹس نارمل آئیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ رپورٹس تسلی بخش آنے پر ڈاکٹروں نے مولانا فضل الرحمان کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا، جس کے بعد وہ گھر روانہ ہوگئے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو اسپتال میں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
اس سے قبل ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی طبی معائنے کے بعد مولانا فضل الرحمان کو انسٹیٹوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا اور انہیں بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ اتوار کی سہ پہر میں جمعیت علماء اسلام کے ترجمان نے ایکس پر ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ”پنجاب حکومت نے امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کو ایک بار پھر غیر قانونی طور پر نظر بند کر دیا ہے“۔
البتہ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو نہ گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی نظر بند کیا گیا، وہ اپنی مرضی سے کبھی اسلام آباد اور کبھی ٹھوکر نیاز بیگ آتے جاتے رہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں رانا سکندر نے کہا تھا کہ اتوار سہ پہر پونے 3 بجے تک مولانا فضل الرحمان کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا اور انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ وہ اس وقت کہاں موجود ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی انجینئر ضیاء الرحمان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان مکمل صحت مند ہیں اور انہیں کوئی طبی مسئلہ درپیش نہیں، صرف سفر کی تھکن ہے۔
مزید پڑھیں:امریکا: خطرناک پنچ، باکسر پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ، حالت تشویشناک !
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سندھ روانگی کے دوران پنجاب اور سندھ کی سرحد پر روک دیے گئے تھے، جس کے باعث انہیں رات واپس ملتان آنا پڑا۔













اتوار 29 نومبر 2026 
