اسحاق ڈار اور ہاکان فیدان کی ملاقات، مسئلہ فلسطین پر مشترکہ مؤقف اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

Calender Icon پیر 3 نومبر 2025

اسلام آباد : نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں سیاسی، معاشی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو نئی جہت دینے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران مسئلہ فلسطین، خصوصاً غزہ میں پائیدار امن کے قیام پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کی اخلاقی، سفارتی اور انسانی حمایت جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان نے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا، تاکہ دونوں ممالک مشترکہ طور پر درپیش چیلنجز کا مؤثر طور پر مقابلہ کر سکیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔