اسلام آباد : پاک فوج اور سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں خوارج اور دہشت گردوں کے خلاف دو اہم کارروائیاں انجام دیں، جس میں بھارتی حمایت یافتہ تین خارجی دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ شمالی وزیرستان میں خوارج کی سرحد پار کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ٹانک میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس میں خارجی دہشت گرد اکرام الدین عرف ابودجانہ ہلاک ہوا۔ ہلاک خوارج میں افغان بارڈر پولیس کا اہلکار خارجی قاسم بھی شامل تھا، جس نے افغان سرزمین سے دہشت گردانہ کارروائیوں میں حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان شہریوں کی دہشت گردی میں شمولیت پر پاکستان شدید تشویش رکھتا ہے اور اس سلسلے میں عبوری افغان حکومت سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات کا مطالبہ دہرایا گیا ہے۔
پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں بارڈر کے ذریعے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین کو خوارج اور دہشت گردوں کے استعمال سے روکنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستانی فورسز نے مزید کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ خوارج کا ایک گروپ ایشام کے راستے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا، لیکن سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی سے یہ منصوبہ ناکام ہوا۔












پیر 3 نومبر 2025 