لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پائیدار ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بہتری کے لیے حکومت مختلف سطحوں پر ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے جامع اقدامات جاری ہیں، جبکہ ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے بھی حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آلودگی پر قابو پانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانا سموگ کی ایک بڑی وجہ ہے، جس پر قابو پانے کے لیے کسانوں میں 5 ہزار سپرسیڈرز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کے لیے مستقل بنیادوں پر کام جاری ہے۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ سموگ پر قابو پانے کے لیے جدید سموگ گنز کا استعمال کیا جا رہا ہے اور اینٹوں کے بھٹوں کو زِگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کا باعث بننے والے بھٹوں کے خلاف کارروائیاں بھی کی گئی ہیں۔
مریم اورنگزیب کے مطابق چین سے جدید ٹیکنالوجی منگوا کر پنجاب میں متعارف کرائی جا رہی ہے، جبکہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے انوائرنمنٹل پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے۔












منگل 4 نومبر 2025 