صدر آصف زرداری کا قطر کی قیادت کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

Calender Icon منگل 4 نومبر 2025

دوحہ : قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سماجی ترقی کے لیے دوسری عالمی سربراہی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے شرکت کی۔

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے قطر کے وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خاتونِ اول آصفہ بھٹو اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک تھے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری کے مواقع اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے قطر کی قیادت کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں توانائی، زراعت، آئی ٹی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔

صدرِ مملکت نے اسرائیلی جارحیت کے دوران سلامتی کے تحفظ کے لیے قطر کی قیادت کے اقدامات کو سراہا اور فیفا ورلڈ کپ 2022ء کی کامیاب میزبانی پر قطر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

قطر کے وزیراعظم نے پاکستانی عوام کے عزم و حوصلے اور مسلح افواج کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں اختلافات اور تقسیم سے بالاتر ہو کر انصاف، مساوات اور اجتماعی ترقی کی راہ پر گامزن ہونا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا وژن جامع اور پائیدار ترقی پر مبنی ہے، جہاں ہر مزدور باعزت روزی کمائے اور ہر شہری ڈیجیٹل دنیا سے جڑ سکے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے 90 لاکھ سے زائد خاندانوں کو مالی امداد کے ساتھ صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ دنیا کو ایک ایسا کثیرالجہتی نظام فعال کرنا ہوگا جو تمام ممالک کے لیے مساوی مواقع فراہم کرے۔ سماجی ترقی کے لیے منصفانہ، جامع اور متوازن عالمی مالیاتی نظام ناگزیر ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ “ہم ایک ایسی دنیا چاہتے ہیں جہاں سماجی ہم آہنگی، مساوات، یکجہتی اور انسانی حقوق کا احترام ہو۔”

انہوں نے عالمی کانفرنس کے انعقاد پر قطر کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس سماجی انصاف، مساوات اور انسانی وقار کے فروغ کے لیے عالمی برادری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔