مودی سرکار کی ایماء پر افغان میڈیا کا پاکستان مخالف جھوٹا پراپیگنڈا بے نقاب

Calender Icon ہفتہ 8 نومبر 2025

اسلام آباد(طارق محمود سمیر) مودی سرکار کی ایماء پر پاکستان مخالف پراپیگنڈا میں مصروف افغان میڈیا اور سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے جھوٹ کا پول کھل گیا۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان نے افغان ذرائع ابلاغ کی جعلی، گمراہ کن اور اشتعال انگیز خبروں کی حقیقت بے نقاب کر دی۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق، افغان سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پاک فوج پر مسجد اور قرآنِ مجید کی بے حرمتی کے بے بنیاد الزامات عائد کیے، جبکہ وائرل کی گئی ویڈیو حقیقت سے مکمل طور پر منقطع ثابت ہوئی۔ وزارت کے بیان میں واضح کیا گیا کہ کسی معتبر پاکستانی یا عالمی میڈیا ادارے نے ایسے کسی واقعے کی تصدیق نہیں کی۔

تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ ویڈیو کسی حقیقی فوٹیج کی بنیاد پر نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کی گئی تھی۔ سوشل میڈیا ویریفیکیشن ٹولز کے مطابق، جھوٹی مہم کا آغاز ایک سیاسی بیان سے ہوا جسے افغان اکاؤنٹس نے جان بوجھ کر بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق، عوامی ردعمل کے بعد 14 گھنٹے گزرنے پر افغان اکاؤنٹ نے اعتراف کیا کہ ویڈیو جعلی تھی اور اے آئی سے تخلیق کی گئی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ افغان اکاؤنٹس جعلی معلومات کے ذریعے مذہبی جذبات کو ابھارنے اور پاکستان کے خلاف نفرت پھیلانے کی منظم کوشش کر رہے ہیں، جبکہ بھارت اور افغانستان مل کر ریاستی اداروں اور پاک فوج کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش میں مصروف ہیں۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے غیر مصدقہ مواد پر یقین نہ کریں اور کسی بھی اطلاع کو شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کریں۔