پاک فوج کی جانب سے ضلع باجوڑ کے علاقے سلیمان خیل میں سب سے بڑی جامع مسجد کی تعمیر و تزئین مکمل کر لی گئی ہے۔ دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والی اس تاریخی مسجد کی بحالی پر مقامی عوام نے پاک فوج سے بھرپور اظہارِ تشکر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سلیمان خیل کی یہ تاریخی جامع مسجد فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے میں بری طرح متاثر ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں مسجد کا سولر سسٹم، دروازے، کھڑکیاں اور دیگر ضروری اشیاء تباہ ہو گئی تھیں جبکہ عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نے مسجد کی ازسرِنو مرمت اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا، جس کے دوران مسجد کے اندر قالین، انورٹر، پنکھے اور نیا سولر سسٹم دوبارہ نصب کیا گیا۔ مسجد کی بحالی کے بعد تمام ضروری سہولیات کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔مقامی عوام کا کہنا ہے کہ سلیمان خیل کی یہ جامع مسجد علاقے کا ایک تاریخی اور روحانی مرکز ہے، جسے دہشت گردی کے باعث نقصان پہنچا تھا۔ پاک فوج کی جانب سے مسجد کی تعمیر و آرائش ایک قابلِ تحسین اور عوام دوست اقدام ہے۔۔۔ عوام نے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف مسجد دوبارہ آباد ہو گئی ہے بلکہ عوام کے دلوں میں اطمینان اور خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ضلع باجوڑ،سلیمان خان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہیدہونے والی مسجدکی بحالی مکمل
پیر 10 نومبر 2025












