اسرائیل کی نئی کارروائی؟ فلسطینیوں کو زبردستی طیاروں میں بٹھا کر بیرونِ ملک بھیجا جانے لگا

Calender Icon جمعہ 14 نومبر 2025

اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کو مبینہ طور پر دیگر ممالک منتقل کرنے کا معاملہ اُس وقت سامنے آیا جب فلسطینیوں کو لے کر دو چارٹرڈ طیارے جنوبی افریقہ پہنچے۔ انسانی حقوق گروپس کے مطابق یہ سلسلہ منظم جبری بے دخلی کی ایک نئی شکل ہے۔

مقامی انسانی حقوق تنظیموں کا کہنا ہے کہ اسرائیل سے آنے والا دوسرا طیارہ 153 فلسطینیوں کو لے کر جنوبی افریقہ پہنچا، جبکہ پہلا طیارہ 28 اکتوبر کو 176 فلسطینیوں کے ساتھ اترا تھا۔ رپورٹوں کے مطابق یہ چارٹرڈ فلائٹس اصل میں کینیا اور نائیجیریا کے لیے روانہ کی گئی تھیں مگر جنوبی افریقہ میں لینڈ کر گئیں۔

غیر ملکی نشریاتی اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینیوں کو اسرائیلی فوجی اڈوں سے زبردستی ان طیاروں میں بٹھایا گیا اور انہیں اپنا ذاتی سامان ساتھ لے جانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ جنوبی افریقہ پہنچنے کے بعد 153 فلسطینیوں کو امیگریشن کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد معاملہ مزید واضح ہوا کہ یہ مسافر اپنی مرضی سے سفر نہیں کر رہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق نائیجیریا جانے والے دو طیارے بھی جنوبی افریقہ میں لینڈ ہوئے، جہاں امیگریشن حکام کو صورتحال کا اصل علم ہوا۔ انسانی حقوق گروپس نے اس تمام معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔