اسرائیلی ڈرون حملہ: لبنان میں 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

Calender Icon پیر 22 ستمبر 2025

بیروت(نیوز ڈیسک) اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی لبنان پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

حملہ ضلع بنت جبیل میں کیا گیا جہاں ایک گاڑی اور موٹرسائیکل کو نشانہ بنایا گیا۔ لبنانی وزارت صحت نے بتایا کہ اس واقعے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق نشانہ بننے والے خاندان کے پاس امریکی شہریت بھی موجود تھی۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی حزب اللہ کے ایک رکن پر کی گئی تھی، تاہم اس میں شہری بھی جاں بحق ہوئے۔ اسرائیل نے تسلیم کیا ہے کہ شہری جانی نقصان ہوا اور کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

لبنان کے صدر جوزف عون اور اسپیکر نبیح بری نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ نومبر 2024 میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا لیکن اس کے باوجود اسرائیلی کارروائیاں جنوبی اور مشرقی لبنان میں مسلسل جاری ہیں۔