اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پی ٹی سی ایل گروپ کو ٹیلی نار پاکستان کے حصول کے لیے مشروط منظوری دے دی ہے، جس سے انضمام اور حصول کے طویل عرصے سے زیر التواء عمل میں ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پرو پاکستانی کے مطابق حکام نے تصدیق کی ہے کہ پی ٹی اے کی طرف سے عائد کردہ شرائط کے حوالے سے پی ٹی سی ایل نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے انہیں قبول کرلیا ہے، اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی اے نے ڈیل کی منظوری کے ساتھ تقریباً 30 سے 40 شرائط منسلک کی ہیں، جن میں ریگولیٹری، مالیاتی، ساختی، اور تعمیل کی ضروریات شامل ہیں، ٹرانزیکشن کے حتمی منظوری کے مرحلے کی طرف بڑھنے سے پہلے ان شرائط کو پورا کرنا ضروری ہے۔
پی ٹی اے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اگلے مرحلے میں ٹیلی نار پاکستان کو سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) سے ڈائریکٹرز کی تبدیلی اور دیگر قانونی منظوریوں کے لیے درخواست دینے کی ضرورت ہے، یہ قدم اداروں کے درمیان قانونی انضمام کے عمل کو شروع کرنے سے پہلے ضروری ہے، ان ریگولیٹری کلیئرنس کے بعد دونوں کمپنیاں ٹیلی نار پاکستان اور پی ٹی سی ایل ایک متحد ڈھانچہ تشکیل دیں گی۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ بالا عمل مکمل ہونے کے بعد ٹیلی نار انضمام کی باقاعدہ منظوری کے لیے پی ٹی اے سے رجوع کرے گی، اس کی روشنی میں اتھارٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا حتمی فیصلہ جاری کرنے سے پہلے تمام شرائط پوری ہوگئی ہیں، اس کے بعد ہائیکورٹ لین دین کے قانونی فریم ورک کو مکمل کرتے ہوئے بالآخر انضمام کا حکم جاری کرے گی۔












جمعرات 4 دسمبر 2025 